اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگروں سے نبرد آزما سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر قوم کو فخر ہے ۔
بدھ کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہت جلد ملک سے دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے میں کامیاب ہونگے۔سپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا بھی کی ۔