سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پپس کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس،پپس وفاقی اور صوبائی پارلیمانوں کے لیے معاون کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے، راجہ پرویز اشرف

290

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پپس) کی کارکردگی کو بڑھانے اور قانون سازاداروں کے اراکین اور ان کے عملے کی معاونت کے لیے پپس کے کردار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پپس گزشتہ سالوں سے وفاقی اور صوبائی پارلیمانوں کے لیے معاون کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے پپس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ ادارہ اپنے تنظیمی مقاصد حاصل کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اس امید کا اظہار کہ پپسبورڈ آف گورنرز کے ممبران کی ہدایات پر عمل کرے گا۔ انہوں نے کہا بورڈ آف گورنرز کے ممبران تجربہ کار اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل ہے ان کی تجاویز انتہائی اہمیت کا حامل ہیں۔

انہوں نے پپس کی تنظیمی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بورڈ آف گورنرز کے تمام ممبران سے تجاویز طلب کیں۔ بورڈ آف گورنرز کے ممبران کی تجویز کے مطابق صدر بورڈ آف گورنرز پپسسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پپس کی کارکردگی کو جانچنے اور اس ادارے کی صلاحیت کو بڑھانے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل کی اور ایڈوائزری کمیٹی بنانے کی بھی سفارش کی۔

پی ٹی وی پارلیمنٹ کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسپیکر نے اس منصوبے پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ممبران بورڈ آف گورنرز نے نوجوان نسل کو پارلیمانی طریق کار اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ممبران پارلیمنٹ کے لیے ای پورٹل تیار کرنے کے حوالے بات کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کی سہولیات کے لیے موبائل فرینڈلی ویب سائٹ تیار کی جائے تاکہ ممبران کو بروقت معلومات فراہم کی جا سیکیں۔اجلاس میں صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمنٹرینز ریسورس سینٹر (پی آر سی) کا قیام زیر غور لایا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے قانون ساز اداروں کے سروسز سینٹرز میں تحقیقی عملے کی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پپس کے دیگر اداروں کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی یاداشتوں کی تفصیلات طلب کیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے پپس کی کارکردگی کو سراہا اور پپس کے عملے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پپس بہتر کارکردگی دکھا سکے۔

اطلاعات و نشریات کی وفاقی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب نے پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تحقیق پر مبنی ان پٹ کی کمی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پپس کو وفاقی اور صوبائی ایوانوں کی مدد کے لیے ایک موثر تنظیمی ادارہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، سنیٹر کہدہ بابر سنیٹر دلاور خان سنیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، رکن اسمبلی وجہیہ قمر، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، سید غلام مصطفی شاہ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، محمد قاسم صمد خان، سیکرٹری سینیٹ آف پاکستان، سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین اور ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی نے شرکت کی۔