سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پاک ۔ہنگری فرینڈ شپ گروپ کا اجلاس

217

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمانوں اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کلیدی اہمیت کی حامل ہے،پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملتا ہے،پاکستان اور ہنگری کے مابین خوشگوار تعلقات موجود ہیں،پارلیمانی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر موجود تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پاک ۔ہنگری فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس بھی موجود تھے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین میں اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر الجہتی فورمز پر ہنگری کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمنٹس کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپ کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے ہنگری کی حکومت کے پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں بڑی تعداد میں سکالرز شپ فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگری میں موجود تعیم کے شعبوں میں مواقعوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

پاک ہنگری فرینڈ شپ کی کنوینر مہناز اکبر عزیز نے شرکاء کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے فرینڈ شپ گروپ کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوائی رابطہ قائم کرنے اور سماجی و اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی طویل تاریخ پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ دورہ ہنگری ایک تاریخی دورہ تھا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پچھلے چالیس سالوں کے دوران ہنگری کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ہنگری پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ہنگری اسلامی ثقافت اور یادگاروں سے بھی مالا مال ملک ہے۔