اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین ہماری قوم کے غیر متزلزل جذبے اور طاقت کی عکاسی کرتا ہے،آئین کو نصاب میں شامل کرنے سے طلباء میں شہری تعلیم، قانونی خواندگی اور آئینی شعور کو فروغ ملے گا، اور جمہوری اقدار تنقیدی سوچ کی مہارت سمیت معاشرے میں طویل مدتی استحکام کو فروغ دینے مدد گار ثابت ہو گا۔آئین طلباء کو اپنے حقوق کو سمجھنے، شہری زندگی میں فعال طور پر حصہ لینے اور ایک جامع اور جمہوری ملک میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں آئین کی گولڈن جوبلی 1973 کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے تشکیل دی گئی مشاورتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب نے آئین کی شمولیت سے متعلق نصاب کے مجوزہ تعارف کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ نصاب کے بنیادی عناصر ایچ ای سی اور وفاقی تعلیمی بورڈ کی مشاورت سے تیار کیے گئے تھے۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ مزید غور و خوض کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ نصاب کو ملک کی جمہوری اقدار سے بہتر طور پر مربوط کرنے کے لیے اس پر نظر ثانی کرنے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس کوشش کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے کمیٹی صوبوں سے مشاورت کر سکتی ہے۔
وزیر اطلاعات کی جانب سے پیش کردہ خیالات کو کمیٹی نے منظور کیا۔ کمیٹی نے باغِ دستور کی تعمیر، پرانے قومی اسمبلی ہال کی بحالی اور یادگارِ دستور (آئین کی یادگار) کے مختلف ڈیزائنوں کا بھی جائزہ لیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی نے آئین پاکستان 1973 کی 50ویں سالگرہ کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں منعقد کیں جیسے آئین کے خصوصی کتابچے کا اجراء، پاکستان کے تمام اعلانیہ مقابلہ جات، قومی اور بین الاقوامی آئینی کنونشنز کا انعقاد، یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا اجرا اور سکے، آئین ایپ کا اجراء، تصویری نمائش وغیرہ شامل ہیں جبکہ جاری سرگرمیوں میں یادگارِ دستور، باغِ دستور کی تعمیر اور پرانے قومی اسمبلی ہال کی بحالی شامل ہیں۔
سپیکر نے اپنے اختتامی کلمات میں کمیٹی کے کام کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے تاکہ تمام جاری کوششوں کے بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں سپیکر راجہ پرویز اشرف اور کمیٹی کے کنوینئر میاں رضا ربانی کے علاوہ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب اور اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ انجینئر صابر حسین قائم خانی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، آسیہ عظیم، محسن داوڑ، مہناز اکبر عزیز سمیت خصوصی طور پر مدعو کئے گئے سینیٹر کامران مرتضیٰ فرحت اللہ بابر، ظفر اللہ خان، سی ڈی اے، نادرا، نیسپاک کے سرکاری افسران اور نیشنل کالج آف آرٹس کے نمائندے سمیت قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔