اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو گوجر خان بار کونسل کی عمارت کی شمسی توانائی پر منتقلی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور عمارت کی شمسی توانائی پر منتقلی کا افتتاح کیا ۔سپیکر نے گوجر خان بار کونسل کے عہدیداران اور ممبران کو بار کونسل کی عمارت کی شمسی توانائی پر منتقلی پر مبارک باد دی اور کہا کہ گوجر خان بار کونسل کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں بار کونسل کے عہدیداران اور ممبران کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔گوجر خان بار کونسل کو شمسی توانائی پر منتقل ہونے پر دلی مسرت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسل کی عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ایک احسن اقدام ہے۔شمسی توانائی ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ضروری ہے ۔
وکالت ایک باعزت پیشہ ہے اور وکلاء برادری کو معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔عوام کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برداری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔وکلاء انتہائی محنت اور مہارت سے پیچدہ قانونی مسائل کو سلجھاتے ہیں ۔ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے وکلاء برداری نے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دی ہے ۔وکلاء نے تحریک آزادی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔فلسطین میں اسرائیلی فوج کی ظالمانہ اور وحشیانہ کارروائیاں انتہائی قابل مذمت ہیں ۔
عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کیلئے فوری طور پر کردار ادا کرے۔گوجر خان بار کونسل سے میرا پرانا رشتہ ہے۔صدر گوجرخان بار کونسل ایڈوکیٹ عرفان قریشی نے سپیکر قومی اسمبلی کی گوجر خان بار کونسل کی عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے بطور وزیر اعظم لائرز کمپلیکس کی تعمیر کروائی اور ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی، سپیکر قومی اسمبلی کا گوجر خان کی تعمیر وترقی کے لیے کردار قابل تحسین ہے۔