سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

5

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جمعہ کو ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات کو خوش آئند قرار دیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے ہوتے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اسرائیل کا ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دنیا کو اس وقت جنگوں کی نہیں، امن کی ضرورت ہے، پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے، پاکستان اور بھارت جنگ میں بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ واضح ہو گیا، ایران اور پاکستان کی فتح دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید اور مستحکم کرے گی، ایران-اسرائیل جنگ میں بھارت کا منفی کردار ایران کو بھارت سے تعلقات کا دوبارہ جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں فلسطین میں پچاس ہزار سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہر پاکستانی کے لیے دلخراش سانحہ ہے، پاکستان کی پارلیمان اور عوام ایران کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان کی پارلیمان نے سب سے پہلے قرارداد کے ذریعے ایران پر حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ تقریبا دو سو سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ نے بجٹ 2025-26 کی تقاریر کے درمیان ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے، ایران اسرائیل جنگ میں بھارت کا کردار اور رویہ منفی رہا ہے، پاکستان-بھارت اور ایران-اسرائیل جنگ پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کے دنیا کو امن کی ضرورت ہے، اسرائیلی اقدام علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، عالمی برادری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

سپیکر قومی اسمبلی نےخطے کے امن و استحکام کے لیے اسرائیلی اشتعال انگیزی کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں، ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے، پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پارلیمانی روابط عوام کے درمیان فاصلے کم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت پاکستان کی عوام، حکومت، پارلیمان اور میڈیا کا تہہ دل سے شکرگزار ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں ساتھ دے کر ثابت کیا کہ وہ ایران کا سچا دوست ہے۔ایرانی سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سب سے پہلے اظہار یکجہتی کیا، پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر ایران کی حمایت کی جس کا ایران تہہ دل سے شکرگزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ اور حکومت پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف،پارلیمان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تحہ دل سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملہ کا مقصد بنیادی طور پر ایران کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہچانا تھا، اسرائیل کی کمزور صورتحال کی وجہ سے امریکہ اس جنگ میں براہ راست شامل ہوا، خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی تعاون کی اہمیت کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک میں رابطوں کو فروغ دینے میں کردار قابل تحسین ہے۔