سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینیوں سمیت دینا بھر کے پناہ گزینوں سے اظہار یکجہتی

12

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینیوں سمیت دینا بھر کے پناہ گزینوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے فلسطینیوں سمیت دیگر پناہ گزینوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی چار دہائیوں تک میزبانی کر کے انسانیت کی مثال قائم کی، پناہ گزینوں کیلئے قلیل عالمی معاونت کے باوجود پاکستان کا کردار عالمی برادری کیلئے مثال ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور یونائیٹڈ نیشنز ہائی کمشنر فار ریفیوجیز (یو این ایچ سی آر) کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے، پناہ گزینوں کے حقوق کا تحفظ انسانیت کا تقاضا ہے، تنازعات کے حل کیلئے سب کو مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، اقوام عالم کو تنازعات کے حل کیلئے فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔