اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے ایوان میں کوئی بات نہیں کی جا سکتی، وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف موصول ہونے والی اپوزیشن کی تحریک استحقاق والا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، ایسے امور پر کمیٹی قائم کی جا سکتی ہے نہ اس حوالے سے ریمارکس دیئے جا سکتے ہیں، ابھی ابتدائی سٹڈی کی ہے، تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کروں گا کہ یہ تحریک استحقاق ابھی ختم کر دوں یا ایوان میں ختم کروں۔ جمعہ کو اپنے چیمبر میں سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے آنے والی تحریک استحقاق میں نے پڑھی ہے۔ اگر اس پر کوئی ایکشن لینا مناسب نہیں ہے کیونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس کا فیصلہ عدلیہ نے کرنا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ یہ میرا کام نہیں ہے کہ میں وہاں سے شہادتیں منگواﺅں، پہلے بھی یہی روایت رہی ہے کہ عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے ایوان میں کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔