27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین...

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین اور سعودی مفتی اعظم سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال

- Advertisement -

جدہ ۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین اور سعودی مفتی اعظم سے ملاقاتیں کیں ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو عرب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے پاکستانی پارلیمانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پرتپاک خیر مقدم کرنے اُن کا شکریہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات مثالی، گہرے اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔پاکستان کی عوام اور حکومت سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ان تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی پارلیمان کے مابین تعلقات بھی نہایت خوشگوار ہیں اور اس نوعیت کے وفود کے تبادلے ان روابط کو مزید وسعت دیں گے۔

- Advertisement -

ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال، مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں پاکستان کی قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد سے بھی سعودی قیادت کو آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ، عوام اور حکومت فلسطینی عوام کے ساتھ متفقہ اور مضبوط موقف رکھتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے ریاض اور اسلام آباد کو "سسٹر سٹیز” قرار دینے کی تجویز بھی پیش کی جسے مثبت انداز میں سراہا گیا۔ چیئرمین شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبد اللہ بن محمد نے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عوام ہمیشہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے مابین تمام شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ڈاکٹر عبداللہ نے مزید کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور اشتراک عمل کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ کی آواز کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں عالم اسلام کے اتحاد، یکجہتی اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے گرینڈ مفتی، شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر اسلامی تعلیمات کی اصل روح اور اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے مفتی اعظم کو دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے مفتی اعظم سے اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔سپیکر قومی اسمبلی نے مفتی اعظم سے اسلامی تعلیمات کے مطابق دہشت گردی کے عزائم رکھنے والے عناصر کے خلاف فتویٰ جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں ممالک نے اس دورہ کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، عوامی و پارلیمانی سطح پر قریبی روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585998

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں