سپیکر قومی اسمبلی سے ڈاکٹر مصطفیٰ سینٹوپ کا ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا

155
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ سینٹوپ نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ جون 2022 کے بعد پاکستان میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارشیں ہوئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تباہ کن بارشوں نے بڑے پیمانے پر تبائی مچائی ہے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں، معیشت، مویشیوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے،انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والا نقصان لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں رکاوٹ کی وجہ بنی۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سیلاب زدگان کی بروقت امداد پر اپنے ترک ہم منصب اور ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی پارلیمنٹ اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

ترک سپیکر پروفیسر مصطفیٰ سینٹوپ نے کہا کہ ترکی کی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام کے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان اور ترکی یک جان دو قالب کی مانند ہیں،ترکی مشک گھڑی میں برادر ملک پاکستان کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ترک حکومت اور عوام قدرتی آفت کے دوران اپنے پیاروں کو کھونے والے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، ترک عوام کے دل پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ترک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک کی دل وجان سے قدر کرتا ہے، ترکی پاکستان کے ساتھ ہر آزمائش میں پورا اترے والا برادر ملک ہے جس پر پاکستان فخر کرتا ہے۔