اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نامزدگی کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام کے لئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، پاکستان مسلم لیگ (ن )،پاکستان پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کو خطوط ارسال کر دیئے ۔
پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے لکھے گئے ان خطوط میں آئین کے آرٹیکل 175 اے کی ذیلی شق 3 اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خصوصی کمیٹی میں 8 ارکان قومی اسمبلی اور 4 ارکان سینٹ سے ہوں گے۔ آئین کے آرٹیکل 175 اے کی ذیلی شق 3 بی کے تحت پارلیمنٹ میں نمائندگی کے تناسب سے پارلیمانی لیڈرز اپنی اپنی جماعت سے خصوصی کمیٹی کے لئےارکان نامزد کریں ۔ ایوان بالا سے بھی اسی طرح خصوصی کمیٹی میں 4 ارکان شامل کئے جائیں گے۔ کمیٹی سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں میں سے چیف جسٹس آف پاکستان کی نامزدگی کرے گی۔