اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی فرانس کے خلاف کامیابی پر قومی ہاکی ٹیم، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی ٹیم نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جیت نہ صرف پاکستان کے کھیلوں کے شعبے کے لیے باعث فخر ہے بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی کا لمحہ ہے۔سردار ایاز صادق نے ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور تمام منتظمین کی محنت کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم فائنل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کرے گی۔