سپیکر قومی اسمبلی کی وفاقی وزیر مواصلات کو روڈ سیفٹی قوانین پر ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کی ہدایت ، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں

53
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کو ہدایت کی ہے کہ روڈ سیفٹی کے قوانین پر ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں جبکہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ روڈ سیفٹی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کی وجہ سے حادثات میں اب تک 21 فیصد کمی آئی ہے، 2030ءتک ہم مزید حادثات پر بھی قابو پانے کی کوشش کریں گے، ٹرانسپورٹ کمپنی پر پابندی حادثات کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں عاصم نذیر کے موٹروے پر پبلک ٹرانسپورٹ، بسوں کی سروس معطل کئے جانے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ مختلف بس ڈرائیور ایکسیڈنٹ کرتے ہیں اس کی وجہ سے پابندی لگائی جاتی ہے، پاکستانی قوم کے لئے ہم نے اپنی شاہراہوں کا سفر محفوظ بنانا ہے، 2018ءتک پاکستان میں روڈ سیفٹی پالیسی نہیں تھی ہم نے یہ پالیسی بنائی ہے،

اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہر صوبے میں ٹرانسپورٹ پالیسی الگ الگ تھی ہم نے سب کو بٹھا کر روڈ سیفٹی پالیسی بنائی، پہلے ایکسیڈنٹس کا ڈیٹا ہی نہیں ہوتا تھا اب پولیس اور ریسکیو سروسز کو ڈیٹا فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے، جو ٹرانسپورٹر روڈ سیفٹی پالیسی اختیار نہیں کرتے ان پر ہم نے ڈرون کیمرے بھی متعارف کرائے ہیں، 2030ءتک ہم روڈ سیفٹی پالیسی کے تحت حادثات پر مکمل قابو پالیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک حادثے میں4 افراد جاں بحق ہوئے اور دیگر حادثات بھی ہوئے جس کی وجہ سے ہمیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی پالیسی کو نوجوان بچوں کی تربیت کے لئے سلیبس میں بھی شامل کردیا گیا ہے، اپنے ساتھ اپنے ہمسفر لوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے قوانین پر عمل کرنا ہوگا، جب قانون موجود ہو تو اس پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر ہم نے ایکسل لوڈ کے حوالے سے قانون پر عملدرآمد کیا، موٹروے پولیس کے لئے شہداءپیکج کو حتمی شکل دی جارہی ہے، رواں سال حادثات میں 21 فیصد کمی آئی ہے، 2030ءتک حادثات پر مکمل قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ سپیکر اسد قیصر نے وفاقی وزیر مواصلات کو ہدایت کی کہ قانون سازی کے حوالے سے ارکان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل بیٹھ کر یہ مسئلہ حل کریں۔