17.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں سے گوجر خان پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے...

سپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں سے گوجر خان پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لئے سی ڈبلیو پی کی جانب سے 4ارب روپے مختص

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی کوششوں سے گوجر خان پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لئے سی ڈبلیو پی کی جانب سے 4ارب روپئے مختص کر دیئے گئے ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اہلیان گوجر خان اور خطہ پوٹھوہار کے نوجوانوں کو اس تاریخی اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم سے آراستہ خطہ پوٹھوہار ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے جس کے لئے ان کی گزشتہ تین دہائیوں سے جدو جہد جاری تھی۔

بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کا خطہ پوٹھوہار اور گوجرخان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ اور میرے خطے کے نوجوانوں کو میری طرف سے تحفہ ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انشاء اللہ ہم اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کو بڑے شہروں میں بھیجنے کی بجائے گوجر خان میں ہی تعلیم دیں گے۔ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں دیگر شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں طلباء کو درپیش مشکلات اور تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا ان کی بطور عوامی نمائندہ اولین ذمہ داری ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے خطے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے لئے مختص جگہ اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ یہ جگہ جہلم، گوجر خان، میر پور، ڈووڈیال، چکوال اور آزاد کشمیر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے سنگم پر واقع ہے۔ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے کشمیر، جہلم، چکوال، کلر سیداں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی مستفید ہوں گے۔

گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں کوئی جنرل یونیورسٹی موجود نہیں ہے۔ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی اپنی نوعیت کی پہلی جدید تعلیم سے آراستہ یونیورسٹی ہوگی۔سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے لئے قیام کے لئے پروجیکٹ کی منظوری پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں چیئرمین ایچ ای سی، وی سی پنجاب یونیورسٹی اور ڈائریکٹر ٹو اسپیکر محمد مشتاق کی خصوصی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=364868

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں