اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ٹانک میں فوجی آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی آفیسر کرنل مجیب الرحمنٰ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے لازوال قربانیاں دیں ہیں، پوری قوم کو مادر وطن کی خاطر جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے شہداءپر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنل مجیب الرحمنٰ مادر وطن کے بہادر سپوت تھے پوری قوم ان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کرنل مجیب الرحمنٰ کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات کی بلندی اور خاندان والوں کی اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔