اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
جمعرات کو اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں انہوں نے کہا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعیناتی اور جنرل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی سٹاف تعیناتی متعین کردہ طریقہ کار اور میرٹ کے تحت اتفاق رائے سے عمل میں لانے پر حکومت بھی مبارک باد کی مستحق ہے، جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل سید عاصم منیر کا شمار پاکستان آرمی کے انتہائی قابل اور باصلاحیت جرنیلوں میں ہوتا ہےاور وہ پاک فوج کے انتہائی اہم کلیدی عہدوں پر فرائص سرانجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، اس کی قیادت کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک آرمی پہلے سے زیادہ مضبوط اور فعال ادارہ بن کر ابھرے گی ۔انہوں نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور جنرل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی سٹاف کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔