لاہور۔21اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سپیکر ہاوس لاہور میں پرتگال سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں پرتپاک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ اور پرکشش مقام ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری معیشت کی ترقی کی بنیاد ہے
اور حکومت پنجاب صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ملک محمد احمد خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پنجاب اسمبلی سرمایہ کار دوست قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔پرتگالی وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کو حوصلہ افزا قرار دیا اور سپیکر کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر سپیکر نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔وفد میں کمرشل کونسلرایمبیسی آف سپین لوئس فرانسیسکوعلی اصغر، لوئس فرانسیسکو، اوسکار مانوئل، ٹییاگو میگوئل، اور امیلکار یونو سمیت پرتگال کے دیگر سرمایہ کار شامل تھے۔
اس موقع پر اراکینِ اسمبلی احمد سعید خان، راحیلہ خادم، افتخار چھچھڑ، آغا علی حیدر، حنا پرویز بٹ، سارہ احمد، عارف گل، حسن رضا، خرم ورک، احمد لغاری، رانا عبدالمنان، غزالی سلیم بٹ، فیبلس کرسٹوفر، اور سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585372