سچن ٹنڈولکر کی موجودگی میں ان کا ریکارڈ توڑنا خواب لگ رہا ہے، ویرات کوہلی

86
Virat Kohli

ممبئی۔15نومبر (اے پی پی):بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کی موجودگی میں ان کا ریکارڈ توڑنا خواب لگ رہا ہے، ون ڈے میں 50 سنچریاں بنانا میرے لئے تاریخی اور حیرت انگیز لمحہ ہے۔ بدھ کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل مقابلے میں شاندار سنچری سکور کرنے کے بعد بات کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ تاریخ ساز سنچری مجھے خواب لگ رہا ہے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنے کیریئر میں اتنا بڑا کارنامہ بھی سرانجام دوں گا، میری اہلیہ انوشکا شرما وہیں بیٹھی تھی، میرے ہیرو سچن ٹنڈولکر بھی وہیں موجود تھے۔

عظیم کرکٹر خود میدان میں آئے اور مجھے اس خاص کامیابی پر مبارکباد دی۔ میرے لئے اس کی وضاحت کرنا بہت مشکل ہے کہ ان سب کے سامنے اور وانکھیڈے سٹیڈیم میں موجود شائقین کے سامنے اپنی50 ویں سنچری سکور کرنا میرے لئے تاریخی لمحہ اور حیرت انگیز تھا۔کوہلی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ میچ بہت اہم ہے اور میں نے اپنے حصے کا کردار ادا کیا جبکہ میرے ساتھ دیگر بلے بازوں نے بھی ٹیم کے بڑے ٹوٹل میں اہم کردار ادا کیا۔ کوہلی نے کہا کہ میرے لئے تو سب سے بڑی جیت ٹیم کی جیت ہے ۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کے ہوم گرائونڈ وانکھیڈے سٹیڈیم اور ماسٹر بلاسٹر کے ڈیبیو تاریخ کو ہی سنچریوں کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔