معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب اور چیئرمین ایف پی ایس سی زاہد سعید کی پریس کانفرنس

166

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے کہا ہے کہ سی ایس ایس تحریری امتحان 2022ء سے قبل حکومت نے سکریننگ ٹیسٹ متعارف کرایا ہے، اس ٹیسٹ کا مقصد سی ایس ایس امتحان دینے والے سنجیدہ امیدواروں کو فلٹر کرنا ہے جس سے امتحان سائیکل 20 ماہ سے کم ہو کر 12 ماہ رہ جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کیپٹن (ر) زاہد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایم پی ٹی ٹیسٹ کے حوالہ سے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دی۔ میڈیا بریفنگ کے دوران شہزاد ارباب نے سکریننگ ٹیسٹ کے چنیدہ نکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سکریننگ ٹیسٹ کا مقصد سی ایس ایس کے سنجیدہ امیدواروں کو فلٹر کرنا ہے اور 200 نمبرز کے ٹیسٹ میں سے 33 فیصد نمبرز لینے والوں کو پاس تصور کیا جائے گا جبکہ ایم سی کیوز پریلمانری ٹیسٹ ( (ایم پی ٹی ) سکل کے بجائے معلوماتی ٹیسٹ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس 2022ء کا تحریری امتحان مئی 2022ء میں ہو گا جبکہ ایم پی ٹی ٹیسٹ فروری 2022ء میں منعقد ہو گا، اس حوالہ سے امیدواروں کے پاس تیاری کیلئے کافی وقت ہوگا۔

ایم پی ٹی امتحان کے حوالہ سے انہوں نے واضح کیا کہ عمر کی حد اور سی ایس ایس تحریری امتحان کی کوششوں کے علاو ہ اس ٹیسٹ کو چانس کی بنیاد پر شمار نہیں کیا جائے گا۔ سکر یننگ ٹیسٹ کثیر الانتخابی سوالات (ایم سی کیوز) پر مشتمل 200 نمبرز کا ٹیسٹ ہوگا اور ہر سوال کا ایک نمبر شمار کیا جائے گا ۔اس ٹیسٹ کا دورانیہ 200 منٹ ہوگا۔ ایم پی ٹی ٹیسٹ میں منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔ 200 میں سے 66نمبرز(33فیصد) نمبر لینے والے امیدوار تحریری امتحان دینے کے اہل ہوں گے ۔

شفافیت برقرار رکھنے کے لئے ایم پی ٹی ٹیسٹ کے روز ہی جوابات فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم پی ٹی ٹیسٹ کے نمبرز اسی سال مقابلہ امتحان برائے سی ایس ایس کے لئے ہوں گے جبکہ یہ نمبرز فائنل میرٹ پوزیشن کے لئے شمار نہیں ہوں گے۔ ایم پی ٹی ٹیسٹ کے سیمپل پیپرز ایف پی ایس سی کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیے جائیں گے ۔

سکریننگ ٹیسٹ 200 نمبر ز پر مشتمل ہوگا جس میں سے اسلامیات اور سوکس کے 20، اردو گرائمر اور ترجمہ کے 20، انگلش کے 50جنرل ایبلٹیز کے 60جبکہ جنرل نالج کے 50 نمبرز ہوں گے۔ غیر مسلم امیدوار ایم پی ٹی ٹیسٹ میں اسلامیات کا مضمون اختیار کر سکیں گے۔ گریجوایشن میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والے 21 سے 30 سال کے درمیان عمر والے امید واراس ٹیسٹ کو دینے کے لئے اہل ہوں گے۔