27.1 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںسکولوں سے باہر بچوں کو کارآمد شہری بنانے کیلئے ان کی فکری...

سکولوں سے باہر بچوں کو کارآمد شہری بنانے کیلئے ان کی فکری و جسمانی نشوونما کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعت اور معیشت کے دیگر شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں مہارت پر مبنی اور تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، ایسے بچوں کو ملک کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ان کی فکری و جسمانی نشوونما کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ایوان صدر اسلام آباد میں نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی کو مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے مزید ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے یونیورسٹیوں کی طرف سے طلباء کے لیے کیرئیر کونسلنگ کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ انہیں مناسب پیشوں کے انتخاب میں مدد مل سکے۔ انہوں نے نیشنل سکلز یونیورسٹی انتظامیہ سے کہا کہ گریجویٹس کے معیار اور مہارت کو بہتر بنانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی تکنیکی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے اجلاس کو ملک میں ہنر پر مبنی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں بتایا۔

نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ نے سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کے فیصلوں کی توثیق کرنے کے علاوہ سینیٹ کے چوتھے اجلاس کے منٹس کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں مریدکے شیخوپورہ میں نیشنل سکلز یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=353409

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں