حسن ابدال۔29اکتوبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے تاریخی دن (ساکا ) کی 100 سالہ تقریبات کا آغاز گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں شروع ہو گیا ہے، تقریبات 1922 میں پیش آنے والے واقعہ کے 100 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے،
جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں یاتری حصہ لے رہے ہیں۔ بھارت،اٹلی اور لندن سے سے 199 سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سخت سیکیورٹی کے حصار میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب پہنچایا گیا، جہاں ان کا استقبال ضلع اٹک کے اعلی افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال محمد عارف قریشی کی نگرانی میں ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے،
یہ ہمارے مہمان ہیں، ان کی بڑھ چڑھ کر ہم خدمت کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی حسن ابدال اعجاز حسین شاہ نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی ہے اور گوردوارہ پر پولیس نفری بھاری تعداد میں تعینات ہیں، ایلیٹ فورس کے دستے اور موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار کے ساتھ ساتھ لیڈیز پولیس بھی تعینات کی گئی ہے ۔یاتری تین روزہ قیام کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کریں گے۔