سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی قربانیاں دی ہیں،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

82
Deputy Chairman Senate Syedal Khan
Deputy Chairman Senate Syedal Khan

کوئٹہ۔12فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی قربانیاں دی ہیں، بلوچستان میں امن و استحکام کے لئے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بدھ کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی جی بلوچستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان کے حالات اور صوبے میں عوام کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال اور لا اینڈ آرڈر کی بحالی کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی غور کیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لئے سکیورٹی فورسز کی محنت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لئےجانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی قربانیاں دی ہیں جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لئے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے سکیورٹی اداروں کو مزید مستحکم بنانے اور ان کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے اور اس کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ صوبے میں خوشحالی اور ترقی کی راہ ہموار ہو۔ملاقات میں بلوچستان میں پولیس اصلاحات کو مزید موثر اور جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو جدید تربیت فراہم کرنے، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور ان کی کارکردگی میں بہتری کے لئے جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لئے جدید آلات کی فراہمی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور جدید آلات کی دستیابی سے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جوانوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

آئی جی بلوچستان نے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو صوبے میں امن و امان کی بحالی اور پولیس اصلاحات کے حوالے سے جاری اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس فورس کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور انہیں جدید آلات سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے آئی جی بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔