کراچی۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے حال ہی میں کمپنیز (پوسٹ بیلٹ) ریگولیشنز 2018 اور کوڈ آف کارپوریٹ گورننس 2019 میں ترامیم کے ذریعے ڈائریکٹرز کے انتخاب کے دوران لسٹڈ کمپنیوں کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر ڈائریکٹرز کے انتخاب کیلئے درجہ بندی ووٹنگ کا تصور متعارف کرایا ہے۔
بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق بطور انڈسٹری لیڈرسی ڈی سی شیئر رجسٹرار سروسز لمیٹڈ(سی ڈی سی ایس آرایس ایل)نے ان ترامیم کے بارے میں جامع اور مکمل معلومات فراہم کرنے کیلئے ایک سمینار کاانعقاد کیا۔سمینار میں لسٹڈ کمپنیوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی
جبکہ کچھ شرکاء نے زوم کے ذریعے بھی شرکت کی۔سی ڈی سی ایس آرایس ایل کے نمائندوں کی جانب سے تفصیلی پریزنٹیشن اور سوال و جواب کے سیشن شامل تھے۔ شرکا ء نے سیشن میں بھرپور حصہ لیا اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کیلئے تکنیکی اصلاحات کو آسان زبان میں ترجمہ کرنے پر سی ڈی سی ایس آر کے اقدا م کو سراہا۔