کیمبرا۔18اکتوبر (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا(سی اے) نے فاسٹ بائولر پیٹ کمنز کو آسٹریلیا کی مردوں کی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے اس کا باضابطہ فیصلہ منگل کو کیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مایہ ناز بلے باز آرون فنچ نے گزشتہ ماہ ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم وہ آسٹریلیا کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان کے طور پر برقرار ہیں گے۔
آرون فنچ کی جگہ 29 سالہ پیٹ کمنز ٹیم کے نئے کپتان کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پیٹ کمنز مردوں کی ون ڈے ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے آسٹریلیا کے 27 ویں ایک روزہ بین الاقوامی کپتان ہوں گے ۔پیٹ کمنز پہلے ہی آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز کے پاس لئے پہلے ہی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرنے کا تجربہ بھی ہے۔آئندہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ایک سال باقی ہے۔
فاسٹ بائولر پیٹ کمنز نے کہا کہ میں نے آرون فنچ کی قیادت میں کھیلنے کا خوب لطف اٹھایا ہے اور ان کی قیادت سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے، چیئر آف سلیکٹرز جارج بیلی نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے بعد بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں باخوبی نبھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بھارت میں آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک روزہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فوراً بعد 17 نومبر سے انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور اس کے بعد جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں حصہ لینا ہے۔