لاہور۔30مئی (اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی امورسے متعلق اہم اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہورنے اہم مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران واہلکار انتہائی الرٹ رہیں۔انہوں نے سپروائزری افسران کو حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اہم اور حساس مقامات کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے موسم کی شدت کے پیش نظر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کیلئے پینے کے پانی، چھتریوں اور پنکھوں کا انتظام کرنے اور شدید گرمی میں سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کی صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں امن اور سکیورٹی برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جدید ٹریننگ کے ذریعے لاہور پولیس کی استعداد کار کو پروفیشنل فائٹنگ فورس کے تقاضوں سے ہمکنار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے۔اجلاس میں لاہور پولیس کے انوسٹی گیشن، آپریشنز اورآرگنائزڈ کرائم یونٹ سمیت تمام ونگز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔