لاہور۔22جون (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)پنجاب نے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے22مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 152خفیہ آپریشنز کئے جن کے دوران 152مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 22مشتبہ افراد کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیاگیا۔
گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد میں محمد عبداللہ،حمید اللہ،کمال خان ، سید محسن رضا، اللہ دتہ ثاقب ،محمد ندیم، سعد منظر ،معظم حیات، محمد اکرم خان،محمد رمضان،فیروز خان ، محمد زوہیب ہاشمی، محمد شعیب ،یاسر رحمان جگرانوی، آصف خان، سعید خان،سید رسول، امیر اللہ،محمد عمر،انور شاہ ،وارث خان ،محمد احمد اور محمد صدیق شامل ہیں جن کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے،ان افراد کی گرفتاری لاہور ، اٹک، شیخوپورہ، مظفر گڑھ ،ننکانہ صاحب ، بہاولپور ، ڈی جی خان، چکوال ، گوجرانولہ ،لودھراں، میانوالی ، فیصل آباد ، ملتان ، بہاولنگر اور راولپنڈی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 1645گرام، دستی بم 3، آئی ای ڈی بم 1، ڈیٹونیٹرز 12،حفاظتی فیوز وائر 32فٹ،28گولیوں کے ساتھ4 پستول ، ممنوعہ کتابیں 9، ممنوعہ میگزین 2،پمفلٹس212، سٹیکرز 323،جھنڈے 2، رسید بک 3،موبائل فونز 3اور 78500روپے نقد برآمد ہوئے ۔ترجمان نے کہا ان مشتبہ افراد نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے
گرفتار مشتبہ افراد کے خلاف 19ایف آئی آرز درج کر کے تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 743کومبنگ آپریشنز کئے جن کے دوران 27062افراد کو چیک کیا گیا،104مشتبہ افراد کو گرفتار ،76 کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج جبکہ 23بازیابیاں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں سی ٹی ڈی پنجاب کی ہیلپ لائن 11111۔0800 پر اطلاع کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=478011