فیصل آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی):سی پی او فیصل آباد نے ڈکیتی کی واردات کے دوران خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مجرمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ساندل بار کے علاقہ میں موٹر وے پل 62 ج ب چنن کے قریب مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ۔
شہری عدنان اپنی اہلیہ کو زرعی یونیورسٹی ہاسٹل جھنگ روڈ سے گھر چک 62 ج ب چنن لیکر جارہاتھا۔ راستے میں موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹ مار کی۔ ڈاکوؤں نے شہری کو درخت سے باندھ دیا اور خاتون کو کماد کےکھیت میں لیجا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
تھانہ ساندل بار میں متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں زیادتی اور ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ نمبر 339/25 درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ۔ ترجمان نے بتایا کہ فیصل آبادتھانہ ساندل بار کے علاقہ میں دوران ڈکیتی خاتون سے مبینہ زیادتی کے معاملہ پر سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن عابد ظفر کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔