اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ملک کے اندر خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جارہے ہیں جس سے پیداواری صلاحیت ، تجارتی سرگرمیوں اور پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوگا، اس طرح ملک کے اندر سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے قوت محرکہ فراہم ہوگی۔
سر مایہ کاری بورڈ حکام کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتوں کا فروغ و ترقی انتہائی اہم ہے کیونکہ صنعتوں میں نہ صرف لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو روزگار مل جاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ صنعت سے جڑی دوسری سرگرمیوں کے ذریعے بھی لوگوں کی بڑی تعداد برسر روزگار ہوجاتی ہے، اس طرح پاکستان میں صنعتی ترقی سے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین کی صنعتی ترقی اپنی مثال آپ ہے جس نے چین کی مجموعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کی صنعتی ترقی میں سپیشل اکنامک زونز کا کردار انتہائی اہم ہے، امید ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان چین کی صنعتی ترقی کے ماڈل پر اپنی صنعت کو ترقی دے گا جس سے ملکی معیشت مضبوط اور عوامی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔