سی پیک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمیں سی پیک کی صلاحیتوں سے پوری طرح مستفید ہونے کی ضرورت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ٹویٹ

148

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمیں سی پیک کی صلاحیتوں سے پوری طرح مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج سی پیک کی دہائی کی تکمیل کا جشن منا رہا ہے، یہ ایک انقلابی منصوبہ ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال کی ایک متاثر کن کہانی ہے کہ میرے قائد نواز شریف کے قائدانہ کردار کی بدولت کس طرح صدر شی جن پنگ کا "آہنی بھائی چارہ” کا وژن سی پیک فریم ورک کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں تبدیل ہوا، میں گواہ ہوں کہ کس طرح انہوں نے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں منصوبے کے نفاذ کی نگرانی کی، تفصیلات کو بہتر بنانے، پیش رفت کا جائزہ لینے اور ٹائم لائنز کو یقینی بنانے پر گھنٹوں صرف کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی نگرانی کے بغیر ہم سی پیک منصوبوں کو اس رفتار اور کارکردگی کے ساتھ مکمل نہیں کر سکتے تھے جو ہم نے کیے تھے تاہم میرے خیال میں ہم اب بھی سی پیک کی صلاحیتوں سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا رہے، یہ ایک قابل قدر مقصد ہے جس کے ساتھ میری ذاتی اور حکومت کی پختہ وابستگی ہے۔