سی پیک کی تعمیر میں 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہونے سمیت بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں، ترجمان قومی کمیٹی برائے ترقی و اصلاحات

191
چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کا 12 واں یادگاری اجلاس منگل کو بیجنگ میں منعقد ہوگا

بیجنگ۔17مئی (اے پی پی):چین کی قومی کمیٹی برائے ترقی و اصلاحات کے ترجمان مینگ وی نے کہا ہے کہ اس سال چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ ہے، گزشتہ ایک دہائی کے دوران چین اور پاکستان نے مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور اشتراک پر عمل کیا ہے۔

بدھ کو پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر اور گوادر پورٹ، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے "1+4” تعاون کا خاکہ تشکیل دیا ہے اورمثبت نتائج حاصل کئے ہیں، ابتدائی اندازوں کے مطابق 2022 کے اختتام تک چین پاکستان اقتصادی راہداری سے براہ راست 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں اور پاکستانی ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، اگلے مرحلے میں چین اور پاکستان دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر سنجیدگی سے عملدرآمد کریں گے، نقل و حمل، توانائی، صنعت اور سماجی معاش میں تعاون کو تیز کریں گے، زراعت، کان کنی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے، معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری تعاون کو مسلسل فروغ دیں گے اور "بیلٹ اینڈ روڈ” کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ایک نمائندہ منصوبہ تعمیر کریں گے۔