اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا کا صنعتی مرکز بن جائیگا۔اتوار کو پی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیداہوں گے اور سماجی ڈھانچے ، توانائی، صنعتی تعاون اور زرعی شعبے میں بڑے پیمانے پر بہتری آئیگی۔ احسن اقبال نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی جامع مشاورت اور اتفاق رائے سے سی پیک کا آغاز کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ عناصر سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں جسے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدلنے کے منصوبے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان چین پاکستان اقتصادی رہداری کا داخلی راستہ بن جائیں گے اور وفاقی دارالحکومت چاروں صوبوں آزاد جموں وکشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں تجارتی زون قائم کئے جائیں گے۔