سی پیک کے تحت 9 خصوصی صنعتی زونز کے قیام سے پاکستان صنعتی پیداوار کا مرکز بن جائے گا، حکام سی پیک اتھارٹی

127

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) منصوبہ کے تحت ملک بھر میں 9 خصوصی صنعتی زونز کے قیام سے پاکستان صنعتی پیداوار کا مرکز بن جائے گا۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں 9 صنعتی زونز بنائے جا رہے ہیں، ان زونز کے قیام سے مقامی صنعتیں ترقی کے نئے راہوں پر چلنے کے ساتھ ساتھ ایک معاشی مرکز بن کر ابھریں گی جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صنعتی زونز کے قیام سے مقامی صنعت کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوںگے۔ چین کی صنعت پاکستانی صنعت کے لئے خطرہ نہیں بلکہ تجربہ مہارت اور سیکھنے کے مواقع لائے گی۔ چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی سے پاکستان کا صنعتی شعبہ مستحکم ہوگا۔ چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی سے بے روزگاری کا خاتمہ، مختلف شعبوں میں معلومات کا تبادلہ اور مہارت میں اضافہ ہوگا۔