اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے ترجمان نے سی پیک توانائی منصوبوں کے حوالہ سے ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے بلا تاخیر اپنے مقرر کردہ مدت کے مطابق مکمل کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان اور چین کے مابین کسی قسم کا کوئی ابہام موجود نہیں، توانائی کے منصوبے ملک میں جاری بجلی بحران کے پیش نظر شروع کئے گئے تھے جس میں اب تک چار منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ دیگر کئی منصوبے اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کے حوالے سے مذکورہ اخبار نے حقائق کو مسخ کرکے غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان اور چین نے باہمی رضامندی سے چھٹی جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی اجلاس کے موقع پر یہ فیصلہ کیا تھا کہ بجلی منصوں کی فہرست پرنظر ثانی کی جائے گی اور جو منصوبے سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر ناقابل عمل قرار پائے ہیں اس کی جگہ نئے منصوبے شامل کئے جائیں گے، اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں جانب کے ماہرین نے ماہ فروری میں مذاکرات کئے اور مئی میں اوبار فورم کے موقع پر باقاعدہ معاہدے پر دستخط ہوئے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بجلی منصوبوں کی نصب شدہ صلاحیت 17045 میگاواٹ اور مختص فنڈز یعنی 34 ارب ڈالرز میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، بجلی منصوبوں کی فہرست پر نظرثانی کے بعد دریائے سندھ پر پن بجلی منصوبے شروع کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔