پشاور۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفواد اسحق نے پاک چین اکنامک کاریڈور (سی پیک) کو خطے میں معاشی خوشحالی اور ترقی کا ضامن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز کی بروقت تکمیل سے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہر گزرتے لمحہ کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔اس دوستی کی جڑیں دونوں ملکوں کے عوام میں ہیں۔
پاکستان کے عوام کو چین سے دوستی پر فخر اور بھرپور اعتماد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکرٹری سجاد عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فواد اسحق نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں اور فرینڈ شپ وال پر دستخط کئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد سے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہوں کو نہ صرف اس منصوبے کے ثمرات پر گفتگو کا موقع ملا بلکہ چینی صدر کی جانب سے بی آر آئی سے متعلق اعلانات نے 140 ممالک اور علاقوں کے لئے شراکت داری اور معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز بھی ہے۔بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے شاندار انعقاد پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ کی سوچ بلاشبہ خطے کی خوش حالی کا باعث بنے گی۔
فواد اسحق نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی فورم میں پاکستان کا مؤقف دنیا بھر کے سامنے رکھا اور انہیں یقین ہے کہ ایم ایل ون منصوبے پر دست خطوں سے پاکستان میں ریل کے ذریعہ بھی معاشی ترقی کا سلسلہ شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معاشی ترقی ہو گی اور ملک بھر خاص طور پر خیبر پختون خوا میں بھی خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔اس منصوبے کی وجہ سے خطے میں مواصلاتی روابط اور مجموعی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اپنی تعمیر کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جس میں صنعتی ترقی، روزگار کی فراہمی کے منصوبے، معدنیات، آئی ٹی اور زراعت کی ترقی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی سرمایہ کاری زونز میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور صنعتی استعداد کار بڑھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔فواد اسحق نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کو اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز قرار دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ چائنہ ونڈو اہل خیبر پختون خوا اور چینی عوام کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔