سی پیک کے تمام متعلقہ پراجیکٹس میں وزارت آئی ٹی کا بھرپور تعاون رہے گا، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کی چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات میں گفتگو

66

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تمام متعلقہ پراجیکٹس میں وزارت آئی ٹی کا بھرپور تعاون رہے گا، پاکستان کی تعمیر ، ترقی و خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے ہر قدم کو مضبوط کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ آئی ٹی پارکس کے ذریعے بہترین پروفیشنلز سی پیک کے لئے نہایت کار آمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سی پیک ایک گیم چینجر ہے، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن میں انقلابی اقدامات بھی معیشت کیلئے گیم چینجر بنیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کی طرح آئی ٹی انڈسٹری بھی روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ اس موقع پر عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ سی پیک پراجیکٹس متعلقہ وزارت کے ذریعے ہی مکمل ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک کے مختلف پراجیکٹس میں وزارت آئی ٹی کا کردار نمایاں ہو۔