سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

117

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے جمعرات کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے اہتمام کا مقصد مسیحی ملازمین کے ساتھ اظہار یکجتی اور خراج تحسین پیش کرنا تھا تاکہ کرسمس کے تہوار کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جاسکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد مہمان خصوصی تھے۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کرسچن کالونی بنانے کےلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام مسیحی ملازمین کو 25 دسمبر سے پہلے تنخواہیں ادا کر دی جائیں۔ انہوں نے مسیحی ملازمین کے لیے 25 اور 26 دسمبر کو دو دن کی چھٹی کا اعلان بھی کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے شرکاء کو تقریب میں آنے میں معمولی تاخیر کی وضاحت کی کیونکہ وہ ایوان صدر میں اجلاس میں شریک تھے۔چئیرمین سی ڈی اے نے مسیحی ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی دیکھ بھال میں مسیحی ملازمین کے کردار کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جس طرح گزشتہ دو سالوں میں فرائض منصبی کی انجام دہی میں جس جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا گیا وہ ہمشہ جاری رہے گا۔ انہوں نے سی ڈی اے ملازمین کی کاوشوں اور شہر میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا بھی خصوصی ذکر کیا۔

کرسمس کے تہوار کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ہدایت جاری کی گئیں کہ سال کے آخر تک ڈیکوریشن لائٹس کو روشن رکھا جائے اور کمیونٹی کے تعاون سے شہر کے تمام گرجا گھروں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جائے جبکہ آخر میں انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کی شرکت پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔