اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سینیٹر فوزیہ ارشد نے سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت عوام کے لئے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا کہ ڈیم سے اسلام آباد تک آتے ہوئے تقریباً چالیس فیصد پانی چوری ہو جاتا ہے، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو فوری طور پر احکامات جاری کئے جائیں تاکہ وہ اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔
پریذائیڈنگ آفیسر نے معاملے کی سنگینی کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سپرد کر دیا ہے تاکہ مکمل تحقیقات اور مناسب اقدامات کئے جا سکیں۔سینیٹر فوزیہ ارشد نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی ایک لمحہ فکریہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600560