اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):سیاحت کے حوالےسے پاکستان کی تاریخی کامیابی، ترکیہ کے شہر ایرزروم میں چھٹے ای سی او ٹورازم وزارتی اجلاس میں لاہور کو باضابطہ طور پر 2027 کے لیے ای سی اوٹورازم کیپٹل کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔ اجلاس میں ای سی او کے نمائندے کے طور پر نو ریاستوں کے وزراء اور سیاحت کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام، ای سی اوسیکرٹریٹ ، ای سی او مبصرین ، ترکیہ کی ریاستوں کی تنظیم اور قبرصی ریاست کے حکام نے بھی شرکت کی۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ای سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر اسد مجید خان نے ابتدائی ریمارکس میں علاقائی انضمام کو فروغ دینے میں سیاحت کے اہم کردار پر زور دیا۔
ترکیہ کے وزیر برائے ثقافت اور سیاحت مہمت نوری ایر سوئے نے سیاحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ترکیہ کی حکمت عملیوں کے خدو خال پیش کئے۔ پاکستانی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی علی زاہد خان نے ای سی او کے خطے میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت کو اجا گر کر تےہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک قدرتی ، ثقافتی اور تاریخی اثاثوں سے مالا مال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان وسائل کو بروئے کار لا کر، ہم سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھا سکتے ہیں، عوام کے درمیان روابط بڑھا سکتے ہیں اور پورے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ای سی او وژن 2025 کے مطابق سیاحت کے فروغ کی جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران پاکستانی وفد نے لاہور کے متحرک ثقافتی اور تاریخی منظرنامے پر ایک انتہائی قابل ستائش ملٹی میڈیا پر پرینٹیشن پیش کی جس کے نتیجے میں لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی اوٹو رازم کیپٹل کے طور پر متفقہ طور پر منتخب کر لیا گیا۔
اجلاس میں ای سی او فریم ورک کے تحت علاقائی سیاحتی تعاون میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور ای سی او کے آئندہ دہائی کے تذویراتی وژن برائے سیاحت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی اہم بات ای سی او ٹورازم انوسٹمنٹ گائیڈ کے پہلے ایڈیشن کا اجراء تھی ، جو کہ پورے خطے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سیاحت کے مواقع کو بڑھانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
تقریب کا اختتام ” ایرزورم اعلامیہ ” کی منظوری کے ساتھ ہوا۔ اس اعلامیہ میں علاقائی سیاحتی تعاون کو آگے بڑھانے اور مستقبل کی حکمت عملیوں کا خاکہ بنانے کے لیے رکن ممالک کے عزم کی توثیق کی گئی ہے۔اجلاس میں پاکستانی وفد نے پنجاب کے وزیر زراعت سید عاشق کرمانی، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا، سیکرٹری ٹورازم پنجاب فرید تارڑ اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر ناصر محمود نے ایم این اے علی زاہد خان کی قیادت میں شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589024