سیاحوں کوسہولیات کی فراہمی کیلئے جدید سیاحتی مقامات پر 35 نئے ہوٹلز تعمیر کئے جا رہے ہیں، سید ذوالفقار بخاری

105
نجی شعبہ کو سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ، سید ذوالفقار بخاری
نجی شعبہ کو سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ، سید ذوالفقار بخاری

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و چیئرمین نیشنل ٹورازم کوارڈینیشن بورڈ سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سیاحوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ سیاحتی مقامات پر 35 نئے ہوٹلز تعمیر کئے جا رہے ہیں، سیاحت سے وابستہ تعمیراتی منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے، سیاحوں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ زلفی بخاری نے یہ بات واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام ”دلکش پاکستان-ایک نظر“کے موضوع پر ورچوئل ٹور کے انعقاد کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ویبنار میں امریکہ میں مقیم پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کے علاوہ عالمی ایوارڈ یافتہ مس بیتھ ٹراوٹ مین، جرمن ٹریول وی لاگر کرسچن بیٹزمین اورثقافتی کھانوں کی ماہر فاطمہ علی بھی شریک تھیں ۔ ورچوئل ٹور میں امریکی سیاحتی اداروں کو پاکستان کی سیاحت سے متعارف کروایا گیا۔ زلفی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،جدید سہولیات سے آراستہ سیاحتی مقامات پر 35 نئے ہوٹلز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی عوام کو پاکستان آنے کی دعوت دی ۔ عالمی ایوارڈ یافتہ مس بیتھ ٹراوٹ مین کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے،ہم نے پاکستان کو ہمیشہ اسکے امیج سے منسلک منفی پروپیگنڈا کے برعکس پایا ہے۔پاکستان پر امن، خوبصورت، مہمان نواز، اور قدرتی حسن اور مناظر سے مالامال ہے۔وبینار میں شریک شرکا ءنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متاثر کن مناظر پر مبنی پاکستان شاندار ثقافت، اورقیمتی ورثے کا امین ہے۔ فاطمہ علی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھانے دنیا بھر میں نہ صرف منفرد ہیں بلکہ معیار اور ذائقوں سے بھی بھرپور ہیں۔