سیالکوٹ ایئر رپورٹ پرایف آئی اے كی كارروائی ، 2 مسافر گرفتار

120
Criminal arrested
Criminal arrested

سیالكوٹ۔ 26 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ ا یئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی كركے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم سمیت 2 مسافروں كو گرفتار كرلیا ہے۔ایف آئی اے ترجمان كے مطابق گرفتار ملزمان میں عثمان ارشاد اور قاسم علی شامل ہیں،ملزم عثمان ارشاد فلائٹ نمبر ایف زیڈ 315 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچا تھا جس کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران گرفتار کیا گیا،تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہےاور ملزم گوجرانوالہ کے رہائشی عمیر نامی ایجنٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا كہ ملزم کو دوحہ ایئرپورٹ پر جعلی ہسپانوی پاسپورٹ کے ساتھ انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا كہ ملزم اس سے قبل بھی اردن، دبئی اور قطر میں انسانی سمگلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔حكام نے بتایا كہ دوسری کارروائی میں ملزم قاسم علی کی یونان جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ،ملزم قاسم علی کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا ،ملزم نے بتایا کہ وہ عمرے کی غرض سے سعودی عرب جا رہا ہے،ملزم نے سعودی عرب سے یونان جانے کی کوشش کرنا تھی۔

آئی بی ایم ایس ریکارڈ کے مطابق ملزم نے 2 ماہ قبل بھی جعلی وی وی او سی کارڈ پر یونان جانے کی کوشش کی ،ملزم کو گزشتہ ماہ جعلی دستاویزات کی بناء پر ترک امیگریشن حکام نے واپس پاکستان بھیجا تھا،ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ترجمان كے مطابق ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیااور مزید تفتیش جاری ہے۔