سیالکوٹ۔18فروری (اے پی پی):ضلعی نمائندہ کاشتکاران رانا اللہ رکھا نے کہا ہے کہ زرعی درآمدات کو کم کرنے،پیداوار میں اضافہ، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے زرعی شعبہ میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کو اختیا رکرنے سے ہی ملک ترقی کی منازل طے کریگا، کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور زیادہ مسابقتی صلاحیت کا حامل بننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئی حکومت بن رہی ہے لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ معیاری بیج کے استعمال کو فروغ دینےکیلئے نجی شعبہ کی شمولیت بڑھائے۔
رانا اللہ رکھا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ زراعت سےوابستہ ہے،تیز رفتار اقتصادی ترقی اور غربت میں کمی کیلئے زرعی شعبے پر توجہ دینا ہوگی۔