سیالکوٹ۔12فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع و پلانٹ پروٹیکشن تحصیل ڈسکہ کی جانب سے موضع کنڈن سیان میں گندم کی بہتر پیداوار کے حصول اور تیلدار اجناس خصوصاًسورج مکھی کی کاشت کے حوالے سے ایک بڑے کسان اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔
یہ پروگرام ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت( توسیع) سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی کی ہدایت پر کیا گیا جس میں پرنسپل آفیسر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع تحصیل ڈسکہ ڈاکٹر ارشاد احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پیسٹ وارننگ ضلع سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد، ریجنل سیلز منیجر سیٹھی سیڈز گوجرانولہ طاہر فاروق،زراعت آفیسر تحصیل ڈسکہ کامران بھٹی ،زراعت آفیسر (پلانٹ پروٹیکشن) ڈسکہ اور صوبیہ کرن مہمانان خصوصی، سابقہ چیئر مین انٹامالوجی ڈیپارٹمنٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادڈاکٹر منصورالحسن ساہی ، خالد محمود سیان اور سعیداللہ خان سیان سابقہ چیئرمین یونین کونسل نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر مقصود احمد نے گندم کی فصل پر حملہ آور ہونے والے نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کی پہچان اور ان کے محفوظ اور مؤثر انسداد بارے تفصیلی بات چیت کی۔
کسانوں کو گندم کے تیلے کے خلاف کسی بھی کیڑے مار زہر کا استعمال نہ کرنے کا کہا گیا۔ ڈاکٹر مقصود احمد نےکسانوں کے سوالات کے بڑے احسن طریقے سے جوابات دیئے۔اس موقع پر ڈاکٹر ارشاد احمد نے تیلدار اجناس کی کاشت اور محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں کے لئے جاری کردہ مختلف سکیموں اور سبسڈیز کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ اسی طرح طاہر فاروق نے سیٹھی سیڈز کے پلیٹ فارم سے مختلف اقسام کے مستند بیجوں کی فراہمی اور کمپنی کی پالیسی کے حوالے سے کسانوں کو آگاہی فراہم کی۔
پروگرام کے اختتام پر مہمانان گرامی نے بائیو پیسٹی سائیڈز کی تحقیق اور فصلوں میں کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف ان بائیو پیسٹی سائیڈز کے استعمال کے حوالے سے محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے ضلعی افسران کو سفارشات پیش کیں۔ اس اجتماع میں کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور محکمہ زراعت کی ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559459