سیالکوٹ۔26مارچ (اے پی پی):سیالکوٹ میں عید شاپنگ عروج پر پہنچتے ہی اہم کاروباری مراکز، بازاروں، مارکیٹوں،بس و ویگن سٹینڈز اور دیگر مصروف پبلک مقامات پر جیب تراشی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین جیب تراش بھی سر گرم ہو گئی ہیں جنہوں نے خریداری کیلئے آنے والے کئی مرد و خواتین حضرات کو ان کی جیبوں اور پرسوں میں موجود پونجی سے نہایت مہارت کے ساتھ محروم کر نا شروع کر دیا ہے۔
اگرچہ کئی بازاروں اور مارکیٹوں و شاپنگ سنٹرز، پلازوں کے ساتھ ساتھ بس و ویگن سٹینڈز پر "جیب کتروں سے محتاط رہیں ” کے بینرز اور پلے کارڈز آویزاں کر دیئے گئے ہیں لیکن جیب تراشوں کے سد باب کیلئے تا حال کوئی عملی کارروائی دیکھنے میں نہ آئی ہے۔ دریں اثنا عید شاپنگ کیلئے آنے والے خریداروں خصوصاً خواتین نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عید شاپنگ کے موقع پر جیب تراشوں کی سرکوبی، ان کی بیخ کنی اور ان کے قلع قمع کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576377