اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی وفات سے تحریک آزادی کی شمع نہیں بجھے گی، ہم ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھنے کا عہد کرتے ہیں، بھارتی حکومت نے ان کی وفات کے بعد جس طرح کا رویہ اختیار کیا وہ دنیا نے دیکھ لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بابائے حریت سید علی گیلانی کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب ، سابق سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادراور حریت رہنما بھی موجود تھے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت پر افسوس ہے، آج عہد کرتے ہیں کہ سید علی گیلانی کے مشن کو آگے لیکر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی کے خاندان کے ساتھ جو رویہ اپنایا وہ قابل مذمت ہے، بھارت خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہتا ہے لیکن اس کا مکروہ چہرہ سب نے دیکھ لیا، بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی کے اہلخانہ سے میت چھین کر رات کی تاریکی میں تدفین کی۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر دورے کے موقع پر سید علی گیلانی سے ملاقات ہوئی، جس استقامت کے ساتھ انہوں نے تحریک چلائی وہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا خیال تھا سید علی گیلانی کی وفات کے بعد تحریک دب جائے گی، سید علی گیلانی کی وفات کے بعد نئی تحریک جنم لے رہی ہے،ہماری آر پار کی قیادت حریت کانفرنس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر جو بھی اقدام اٹھائیں ہم ان کے ساتھ ہیں، حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو دعوت دیتا ہوں کہ مل بیٹھ کر روڈ میپ تیار کریں۔
بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا حق ملنا چاہئے، کوئی ایسی چیز نہیں کرنی چاہئے جس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچے، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ تعزیتی ریفرنس سے کنوینر حریت کانفرنس سید فاروق رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام سیاسی قائدین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے شرکت کر کے ہماری حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ،پر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کسی قسم کے سمجھوتہ کیلئے تیار نہیں ہیں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت ہی خطرناک ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں سے مقبوضہ کشمیر کا حلیہ تبدیل کیا جارہا ہے۔