سید یوسف رضا گیلانی کا حالیہ بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار

33

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پوری قوم آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کریں اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کریں۔انہوں نے قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے جامع، منظم اور پیشگی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔