سید یوسف رضا گیلانی کی پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد

133

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کے لیے عرصہ دراز سے کام کر رہی تھی۔اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس اہم آئینی ترمیم کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اتحادی جماعتوں نے جس جانفشانی سے کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے ، پوری قوم اس اہم آئینی ترمیم کی منظوری پر ان کو مبارکباد دیتی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس اہم قانون سازی سے نہ صرف عدالتی نظام میں بہتری آئے گی بلکہ چاروں صوبوں کی اعلیٰ عدلیہ میں یکساں نمائندگی بھی میسر ہوگی، لوگوں کو انصاف کے حصول میں بھی بہتری نظرآئے گی۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید بے نظیر بھٹو بھی عدالتی نظام کی بہتری کے لیے بہت سرگرم تھیں،آج 26 ویں ترمیم کے پاس ہونے سے شہید بی بی کا ایک اور خواب پورا ہو گیا ہے ، اس کامیابی کا کریڈٹ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے قربانیاں دی ہیں ،آئینی ترمیم پاس کرانے پر تمام اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔