اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور سربراہ این ایف آر سی سی پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں جہاں موسم سرد ہو چکا ہے وہاں متاثرہ لوگوں کے لیے گرم کپڑوں اور لحاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے بدھ کو این ایف آر سی سی میں اپنی زیر صدارت اجلاس میں دیں۔ اس موقع پر این ڈے ایم اے اور صوبائی حکام نےبریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں جہاں موسم سرد ہے وہاں متاثرہ لوگوں کے لیے گرم کپڑوں اور لحافوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو بلا سود کےقرضے دینےکی ہدایت کی تاکہ وہ اپنی فصیل دوبارہ تیار کر سکیں۔وفاقی وزیر نے فصلوں کی کاشت کے لیے مشینری کی خریداری کے لیے متعلقہ حکام کو جلد لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزارت خوارک کو اس حوالے سے جلد بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔