اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):سیلاب متاثرین کے لئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم کیے گئے فضائی پل کے تسلسل میں یو اے ای کی پیر کے لیے شیڈول امدادی پرواز نور خان ایئربیس راولپنڈی پہنچ گئی۔ دفتر خارجہ کےمطابق امدادی پرواز کا استقبال متحدہ عرب امارات کے ریڈ کریسنٹ کے پاکستان میں سربراہ حماد بخیت عتیق نے کیا۔
اس موقع پر این ڈی ایم اے اور دفتر خارجہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات سے مجموعی طور پر 16 پروازیں خوراک، طبی سامان اور خیمے اور دیگر امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہے۔