اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ابھی تک ملک کے ایک تہائی حصہ کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، سردیوں کے آنے پہلے پہلے پوری قوم مل کر انہیں کمبل اور لحاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔
منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک تہائی پاکستان سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوا، 33 ملین لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے درجنوں علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہمارے لاکھوں اہل وطن ابھی بھی بے گھر ہیں، سردیوں سے پہلے پہلے ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کمبل اور لحاف پہنچانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے یا ذاتی طور پر وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کریں۔ ابھی مسئلہ حل نہیں ہوا، دو تہائی پاکستان جو محفوظ ہے انہیں ایک تہائی متاثرہ حصہ کے لوگوں کی مدد کے لئے ملک کے اہل ثروت حضرات اپنا کردار ادا کیا۔