مکہ مکرمہ ۔21جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عالمگیر خان نے مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کے لئے حاصل کی گئی رہائشگاہوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے انفرادی طور پر متعدد عازمین حج سے الگ الگ ملاقات کی اور حج انتظامات کے حوالے سے ان سے تبادلہ خیال کیا اور مسائل پوچھے ۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عازمین کی ہر قسم کی شکایت کا بروقت ازالہ کیا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پرعازمین حج نے’’ اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال حج 22 کے موقع پر وزارت کی جانب سے کھانے پینے، ٹرانسپورٹ اور رہائش کے کئے جانے والے انتظامات تسلی بخش ہیں ۔
جرول میں حاجیوں کے ایک رہائشی سیکٹر میں لکی مروت سے آئے ہوئے عازم حج محمد جمیل نے کہا کہ میں پہلے بھی حج پہ آچکا ہوں لیکن اس مرتبہ حج انتظامات انتہائی تسلی بخش ہیں اور کسی چیز کی بھی کمی نہیں ہے ہر چیز کی فراوانی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حج انتظامات میں کسی قسم کا کوئی سقم موجود نہیں ہے۔ ایک عازم حج محمد حسن نے کہا کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں تمام انتظامات تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ کی سہولت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس گھنٹے شٹل سروس دستیاب ہیں ۔ جب دل کرے ہم مسجد حرام جاکر اپنی عبادات بجا لاسکتے ہیں۔
جہلم سے آئے ہوئے ایک حاجی نے کہا کہ یہاں آنے سے پہلے حج انتظامات کے حوالے سے جو منفی باتیں سنا کرتے تھے یہاں صورتحال بالکل اس کے برعکس ہے۔ تمام انتظامات زبردست ہیں اور کسی کو کوئی شکایت نہیں ہے ۔قصور کے ایک عازم حج محمد جمیل نے کہا کہ حج انتظامات تسلی بخش ہیں جب بھی کسی کو شکایت ہوتی ہے اس کا فوری ازالہ کر دیا جاتا ہے۔ راولپنڈی کے ایک عازم حج نے کہا کہ کہ انتظامات اچھے ہیں لیکن حاجیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے لفٹوں میں زیادہ رش ہو رہا ہے ۔
انہوں نے تجویز دی ہے کہ رہائشی بلاک کے مالکان سے بات چیت کرکے لفٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ صوابی کے ایک حاجی نے کہا کہ ہماری بہت قدر دانی کی جارہی ہے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ کوئٹہ سے آئے ہوئے حاجی کریم اللہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بار تمام امور میں بہت زبردست بہتری دیکھنے میں آرہی ہے تاہم لفٹوں پر رش کی وجہ سے خواتین اور ضعیف العمر افراد کو پریشانی کا سامنا ہے۔